فاطمہ میموریل میڈیکل کالج لاہور کے فائنل ایئر طلبہ و طالبات نے پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن اور ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے دفتر کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس دوران طلبہ کو ویمن ڈویلپمنٹ اور کمیشن کے مینڈیٹ، پنجاب جینڈر پیریٹی رپورٹ، ویمن ہیلپ لائن 1043، ورکنگ ویمن ہاسٹلز، ڈے کیئر سینٹرز، اور پرو ویمن قوانین سے متعلق تفصیلی آگاہی دی گئی۔
ٹریننگ سیشنز ڈائریکٹر وحید اقبال، لیگل ایڈوائزر عمران جاوید قریشی، اور مدیحہ منور نے کنڈکٹ کیے، جبکہ سیکرٹری پنجاب کمیشن اعجاز احمد جوئیہ مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے شرکاء کو کمیشن کی لائبریری، ہیلپ لائن اور تحقیقی رپورٹس سے مستفید ہونے پر زور دیا اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے۔
شرکاء نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن، پارلیمانی سیکرٹری سعدیہ تیمور اور سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عثمان علی کی قیادت میں خواتین کی فلاح کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا، اور ایسے معلوماتی سیشنز کو کالجوں میں باقاعدگی سے منعقد کروانے کی خواہش ظاہر کی۔
