ادارہ ترقی خواتین , خواتین کے لیے مساوات، مساوی مواقع، کام اور زندگی کے وقار کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے کیونکہ یہی وہ اہم عوامل ہیں جو پائیدار اقتصادی ترقی اور سماجی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان مقاصد کی تکمیل کے لیے ادارہ ترقی خواتین اور ڈپٹی کمشنر آفس، خانیوال کے زیر اہتمام 24 جنوری 2023 کو ضلع کونسل ھال، خانیوال میں ایک مشاورتی نشست کاانعقاد کیا گیا۔ جس میں محترمہ سمیرا صمد، سیکریٹری، ادارہ ترقی خواتین اور محترم ذیشان شبیر رانا نےخصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع کے سرکاری محکموں میں کام کرنے والی خواتین، سربراہان محکمہ جات و سماجی شخصیات، محترم عبید اللہ زکریا، ڈپٹی سیکرٹری محترم سید اشفاق حسین بخاری، ڈپٹی ڈائریکٹر اسسٹنٹ کمشنرز جناب محمد اکمل اور محترمہ صدف اکبر نے شرکت کی۔ اس مشاورتی نشست میں ورکنگ ویمن کو کام کے مقامات پر درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز پر غورکیا گیا۔ نشست کے آخر میں محترمہ سمیرا صمد، سیکریٹری ادارہ ترقی خواتین نے آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ خاص طور پر ڈپٹی کمشنر خانیوال، اور اسسٹنٹ کمشنر خانیوال کا شکریہ ادا کیا۔
