جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے وفد جناب شنیچینو ناکہرا، ٹیکنیکل سینئر ایڈوائزر اور ان کی ٹیم نے مورخہ 17 جنوری 2023 ادارہ ترقی خواتین, لاہور کا دورہ کیا جہاں محترمہ سمیرا صمد، سیکرٹری، ادارہ ترقی خواتین، گلبرگ لاہورکے ساتھ ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے آنے والے پائلٹ پراجیکٹ "پنجاب میں خواتین کے لیے ملازمت کی صلاحیت کی ترقی" کی تفصیلات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ JICA کورسز کو نکھارنے اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنے میں TEVTA اور PVTC کو تکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گا. اور اداروں کی صلاحیتوں کو نکھارنےکے ساتھ ساتھ خواتین کے اندراج کو بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ خواتین کی آمدنی کے مواقع تلاش کرنے کی ترغیب بھی دے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس پائلٹ پروجیکٹ کا مقصد خواتین خاص طور پر پسماندہ خواتین کو تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت اور لیبر فورس میں حصہ لینے کی ترغیب دینے کے لیے ایک پائیدار اور توسیع پذیر پروگرام تشکیل دینا ہے. تاکہ ان کی اقتصادی سرگرمیوں کو آغاز کرنے اور شمولیت اختیار کرنے میں حائل ہونے والی رکاوٹوں کے خلاف انسدادی اقدامات کی نشاندہی کی جا سکے۔ اس موقع پر سیکرٹری، ادارہ ترقی خواتین نے بتایا کہ حکومت پنجاب فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت پر بہت زیادہ زور دیتی ہے۔ حکومت کی ترجیحات میں کاروبار اورخاص طور پر چھوٹے کاروبار میں خواتین کی قیادت کو فروغ دینا ہے تاکہ یہ منصوبہ آنے والے وقت میں اس شعبے میں نئی پیشرفت لاسکے۔ بعد ازاں انہوں نے ٹیکنیکل سینئر ایڈوائزر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔
