Punjab Gender Parity Report 2022

پنجاب جینڈر پیریٹی رپورٹ 2022، صنفی مساوات کی جانب ایک مثبت قدم۔ سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سمیرا صمد۔

لاہور (12 دسمبر) ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب جو صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہےاور پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن جو ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا ذیلی ادارہ کے تعاون سے سالانہ پنجاب جینڈر پیریٹی رپورٹ 2022 مرتب کی گئی ۔جس کی تقریب رونمائی لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں ہوئی ۔ یہ سالانہ رپورٹ پالیسی سازوں، محققین اورانصاف فراہم کرنے والے اداروں کے لیے ایک اہم معلوماتی دستاویز ہے جو منتخب شعبوں میں صنفی تفریق شدہ اعداد و شمار کا تفصیلی تجزیہ فراہم کرتی ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی نگران وزیر برائے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اور سوشل ویلفئیر و بیت المال ڈاکٹر جاوید اکرم تھے ۔مزید براں مختلف سرکاری محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، خواتین صوبائی کمیشنز کی چیئرپرسنز، یونیورسٹیز کے اساتذہ کرام اور مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں کی نمایاں شخصیات کو بھی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔

اس موقع پر سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ سمیرا صمد نے کہا کہ پنجاب جینڈر پیریٹی رپورٹ 2022،جو کہ ہر سال شائع کی جاتی ہے ، سات موضوعات پر مشتمل صنفی تجزیاتی معلومات کا ایک جامع ذخیرہ ہے۔اس کے اہم موضوعات میں ڈیموگرافکس ، گورننس(جہاں بانی)،تعلیم، صحت، معاشی شراکت اور مواقع، انصاف شامل ہیں ۔ جینڈر پیریٹی رپورٹ 2022 معلومات کا ایک منفرد نظام ہے جو 290 سے زائد اشاریوں کا احاطہ کرتا ہے اور درست فیصلہ سازی کے لیے ایک بہترین ذریعہ بنتا ہے۔ یہ رپورٹ UNFPA، ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کی کامیاب مشترکہ کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔